ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست میں ساتویں جماعت کے پبلک امتحان کے تعلق سے کل ہوگا قطعی فیصلہ

ریاست میں ساتویں جماعت کے پبلک امتحان کے تعلق سے کل ہوگا قطعی فیصلہ

Tue, 17 Dec 2019 22:40:37    S.O. News Service

سرسی17/دسمبر (ایس او نیوز) ریاست میں امسال سے ساتویں جماعت کے لئے ’پبلک امتحان‘ کی تجویز پچھلے کئی دنوں سے زیر بحث رہی ہے۔ اب پرائمری اور ہائی اسکول کے وزیر تعلیم سریش کمار نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں کل متعلقہ افسران کے ساتھ نشست کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پبلک امتحان کا جو سسٹم ہوتا ہے اس سے ناواقفیت کے ساتھ طلبہ دسویں جماعت کے پبلک امتحان میں شریک ہوتے ہیں۔ اس لئے ساتویں جماعت کے مرحلے میں اس سسٹم سے طلبہ کو واقف کرانے کے لئے اس تجویز پر غور کیا جار ہاہے۔

بتایا جاتا ہے کہ محکمہ تعلیمات کے افسران کا خیال ہے کہ تجرباتی طور پر امسال پبلک امتحان شروع کیا جائے مگر اس مرتبہ کسی بھی طالب علم کو فیل نہ کیا جائے۔مگر اس تعلق سے حقوق اطفال کمیشن اور کچھ نجی تعلیمی اداروں کی طرف سے پبلک امتحان شروع کرنے پر اعتراضات جتائے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ پبلک امتحان کے پیچھے محکمہ تعلیمات کے جو مقاصد ہیں اس کے بارے میں بچوں کے کمیشن کو واقف کروانے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔ اب بدھ کے دن پھر ایک بار اس موضوع پر نشست کے بعد قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ اسکولوں کے نصاب میں ٹیپو سلطان سے متعلقہ مواد ہٹانے یااسے باقی رکھنے کے سلسلے میں جائزہ لینے والی کمیٹی کی رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔اور محکمہ تعلیمات کے چیف سیکریٹری کو رپورٹ مل جانے کی جو خبر عام ہوئی ہے وہ بالکل بے بنیاد ہے۔


Share: